تازہ ترین ۱۳ ستمبر ۲۰۲۶

بلوچستان میں بزورِ طاقت اور فوجی آپریشن کے ذریعے امن قائم کرنا ممکن نہیں، ارکان بلوچستان اسمبلی

کوئٹہ(ویب نیوز) ارکان بلوچستان اسمبلی میر یونس عزیز زہری، میر رحمت صالح بلوچ، مولانا ہدایت الرحمن بلوچ، ڈاکٹر نواز کبزئی اور مولانا نور اللہ نے صوبے میں بدامنی، دہشت گردی، بارڈرز کی بندش اور بنیادی سہولیات کے فقدان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان میں پائیدار امن صرف طاقت کے استعمال سے نہیں بلکہ ترقی، تعلیم، روزگار اور نوجوانوں کو مثبت مواقع فراہم کرکے قائم کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کو امن، روزگار، صحت، تعلیم، بجلی، گیس، پانی اور بہتر سفری سہولیات کی فراہمی حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے، جبکہ بارڈرز کی طویل بندش سے ہزاروں خاندانوں کا روزگار اور کاروباری سرگرمیاں متاثر ہوئی ہیں۔ حکومت قانونی تجارت کے راستے کھولنے، تاجروں اور مزدوروں کو ریلیف دینے، نوجوانوں کو تعلیم و ہنر کے مواقع فراہم کرنے اور صحت، تعلیم، بجلی، گیس، پانی اور سڑکوں کے مسائل حل کرنے کے لیے عملی اقدامات کرے۔ ارکان اسمبلی نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی امن سے وابستہ ہے اور عوام امن، ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں، اس لیے وفاقی و صوبائی حکومتیں عوامی مسائل کے حل اور پسماندہ علاقوں کو ترقی کے دھارے میں شامل کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائیں۔