کوئٹہ(ویب نیوز) تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، جس میں ملک اور خصوصاً بلوچستان کی مجموعی سیاسی و علاقائی صورتحال، آئندہ کی سیاسی حکمت عملی اور سیاسی رابطوں کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی۔ ملاقات میں 15 ستمبر کو اسلام آباد میں ہونے والے تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہی اجلاس کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال ہوا۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ موجودہ حالات کے تناظر میں آئندہ کا سیاسی لائحہ عمل باہمی مشاورت سے طے کیا جائے اور اپوزیشن جماعتوں کے درمیان سیاسی رابطوں کا سلسلہ مزید مؤثر انداز میں جاری رکھا جائے۔
