کوئٹہ (ویب نیوز) افغانستان کی وزارت داخلہ کے اعلیٰ سطحی وفد نے چین میں منعقدہ عالمی سکیورٹی کانفرنس میں شرکت کرتے ہوئے علاقائی و عالمی سکیورٹی کے فروغ اور مشترکہ خطرات سے نمٹنے کے لیے تعاون بڑھانے پر زور دیا ہے۔ وزارت داخلہ کے دفتر کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل مولوی زین اللہ عابر نے کہا کہ افغانستان کی سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دی جائے گی اور افغانستان مشترکہ سکیورٹی، باہمی احترام، عدم مداخلت اور اقتصادی روابط کے فروغ کا حامی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگیں، دہشت گردی، منشیات، منظم جرائم، سائبر خطرات، غیرقانونی ہجرت اور اقتصادی عدم استحکام کسی ایک ملک کے لیے نہیں بلکہ عالمی چیلنجز ہیں، جن سے نمٹنے کے لیے انٹیلی جنس معلومات کے تبادلے، سرحدی سکیورٹی اور سکیورٹی اداروں کے درمیان تعاون ضروری ہے۔ مولوی زین اللہ عابر نے چین کے ساتھ سکیورٹی و اقتصادی تعاون مزید مضبوط بنانے، منشیات اور اسمگلنگ کے خلاف مشترکہ اقدامات اور افغانستان کی خودمختاری کے احترام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ افغانستان خطے میں امن، استحکام، تجارت، ٹرانزٹ اور اقتصادی روابط کے فروغ کے لیے عالمی برادری کے ساتھ عملی تعاون کا خواہاں ہے۔
