تازہ ترین ۱۲ ستمبر ۲۰۲۶

نئے صوبے انتظامی بنیادوں پر بننے چاہئیں، وزیراعلیٰ بلوچستان

کوئٹہ(ویب نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے نئے صوبوں کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئٹہ میں بیٹھ کر پورے بلوچستان کو مؤثر انداز میں کنٹرول کرنا ممکن نہیں، اگر نئے صوبے بنائے جائیں تو ان کی تشکیل لسانی نہیں بلکہ انتظامی بنیادوں پر ہونی چاہیے۔ سینئر صحافیوں سے ویڈیو لنک کے ذریعے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں سکیورٹی فورسز مشکل حالات میں فرائض انجام دے رہی ہیں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ریاستی ادارے ہم آہنگی سے کام کر رہے ہیں، ریاست کے خلاف بندوق اٹھانے والوں سے کسی صورت مذاکرات نہیں ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی صرف ایک صوبے نہیں بلکہ پورے پاکستان کا مسئلہ ہے، بلوچستان میں آخری دہشت گرد کی موجودگی تک جنگ جاری رہے گی اور سول و عسکری قیادت اس معاملے پر متفق و یکسو ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان میں کسی ڈھائی ڈھائی سالہ حکومتی معاہدے کا انہیں علم نہیں، حکومت کی تبدیلی کا فیصلہ سیاسی قیادت کرے گی، وہ جب تک منصب پر ہیں عوام کی خدمت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ماضی کے مقابلے میں کرپشن میں کمی آئی ہے، تعلیمی اداروں سمیت سرکاری محکموں میں میرٹ یقینی بنانے کے اقدامات جاری ہیں اور ترقیاتی منصوبے ماضی کے مقابلے میں ریکارڈ مدت میں مکمل ہوئے ہیں۔ ان کے مطابق بلوچستان سے 11 لاکھ افغان مہاجرین سمیت دیگر غیر ملکیوں کو ان کے وطن واپس بھیجا گیا ہے جبکہ لاپتا افراد کا مسئلہ بعض اوقات درست تناظر کے بغیر پیش کیا جاتا ہے۔