کوئٹہ (ویب نیوز)بلوچستان پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف خصوصی مہم مزید تیز کر دی ہے۔ پولیس کے ترجمان کے مطابق آئی جی بلوچستان محمد طاہر کی ہدایات پر کوئٹہ سمیت صوبے کے 9 رینجز اور 33 اضلاع میں جرائم پیشہ عناصر، اشتہاری ملزمان، عدالتی مفروروں، منشیات فروشوں اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری ہیں۔ گزشتہ تین ہفتوں کے دوران مختلف اضلاع میں کارروائیوں کے دوران 44 اشتہاری مجرم، 249 عدالتی مفرور اور مختلف جرائم میں ملوث 492 افراد گرفتار کیے گئے، جبکہ مختلف مقدمات میں اغوا کیے گئے 16 افراد، جن میں ایک 11 سالہ بچی بھی شامل ہے، کو بحفاظت بازیاب کرایا گیا۔ کارروائیوں کے دوران بڑی تعداد میں غیر قانونی اسلحہ بھی برآمد کیا گیا اور 108 افراد کو 95 پستول و ریوالور، 6 کلاشنکوف، 7 شارٹ گنز و رائفلز، 770 گولیوں و کارتوس اور 48 میگزین سمیت گرفتار کیا گیا۔ منشیات فروشوں اور اسمگلروں کے خلاف کارروائیوں میں 62 افراد گرفتار ہوئے، جن کے قبضے سے 81 کلو 468 گرام چرس، 10 کلو 67 گرام آئس/شیشہ، 525 گرام افیون، 200 پیکٹ گٹکا، 45 گرام کرسٹل، 49 بوتلیں شراب، 6 لیٹر دیسی شراب اور غیر قانونی سگریٹ کے 1279 بڑے پیکٹ برآمد کیے گئے۔ پولیس کے مطابق مختلف کارروائیوں میں 3 مسروقہ گاڑیاں، 44 موٹر سائیکلیں اور 13 موبائل فون بھی برآمد کیے گئے، جبکہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی اور غیر قانونی طور پر گاڑیوں پر لگائی گئی کالی شیشوں کی وجہ سے 2253 گاڑیوں سے کالی شیشے اتارے گئے۔ بلوچستان پولیس کے ترجمان نے کہا کہ صوبے میں پُرامن ماحول کے قیام، قانون کی بالادستی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی اور قانون شکن عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔ ترجمان کے مطابق آئی جی بلوچستان محمد طاہر نے پولیس اور عوام کے درمیان تعاون مزید مضبوط بنانے، شہریوں سے بہتر اور باعزت رویہ اختیار کرنے، تھانوں میں آنے والے سائلین کی شکایات بروقت حل کرنے اور شفاف قانونی کارروائی یقینی بنانے کی بھی ہدایات جاری کی ہیں۔
