کوئٹہ (ویب نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ اگر وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کانگریس پر اپنا کنٹرول برقرار رکھتی ہے تو ہر بالغ امریکی شہری کو 5 ہزار ڈالر دیے جائیں گے۔ ٹرمپ نے ڈلاس میں ریپبلکن پارٹی کے وسط مدتی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے اس منصوبے کو ’’ٹرمپ ڈیویڈنڈ‘‘ قرار دیا اور کہا کہ یہ رقم صرف امریکی شہریوں کو دی جائے گی اور اسے امریکا کے اندر ہی خرچ کرنا ہوگا۔ تاہم منصوبے کی مالی تفصیلات واضح نہیں کی گئیں، جبکہ ریپبلکن پارٹی کے بعض ارکان نے بھی اس پر سوالات اٹھائے ہیں۔ ٹیکساس سے تعلق رکھنے والے رکن کانگریس چپ رائے نے پوچھا کہ حکومت ایک کھرب ڈالر سے زائد کی رقم کہاں سے لائے گی۔ امریکی مردم شماری بیورو کے مطابق امریکا میں تقریباً 24 کروڑ بالغ شہری ہیں، اس حساب سے ہر فرد کو 5 ہزار ڈالر دینے پر حکومت کو تقریباً 1.2 کھرب ڈالر درکار ہوں گے، جس سے امریکی بجٹ خسارے میں نمایاں اضافے کا خدشہ ہے۔ ٹرمپ نے کہا کہ یہ رقم امریکا کی معاشی کامیابی کی بنیاد پر ممکن ہوگی اور اس کا موازنہ دسمبر 2025 میں فوجی اہلکاروں کے لیے اعلان کردہ 1776 ڈالر کے ڈیویڈنڈ سے کیا، تاہم وہ رقم دراصل پہلے سے منظور شدہ فوجی رہائش الاؤنس تھی۔
