تازہ ترین ۱۵ مئی ۲۰۲۶

ایران جنگ بندی: پاکستان کی خاطر فیصلہ کیا، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل قابل تعریف شخصیات ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ

واشنگٹن (روزنامہ صداقت انٹرنیشنل کوئٹہ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ جنگ بندی کے حق میں نہیں تھے، تاہم دیگر ممالک خصوصاً پاکستان کی خاطر یہ فیصلہ کیا گیا۔ ایئرفورس ون میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے پاکستانی قیادت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل شاندار شخصیات ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اگر ایران 20 برس کیلئے اپنا ایٹمی پروگرام معطل کردے تو یہ کافی ہوگا، تاہم اس کیلئے مضبوط ضمانت درکار ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ چینی صدر کا مؤقف بھی واضح ہے کہ ایران کے پاس جوہری ہتھیار نہیں ہونے چاہییں۔ امریکی صدر نے مزید کہا کہ چینی کمپنیوں پر ایرانی تیل کی خریداری سے متعلق پابندیاں ختم کرنے کے فیصلے پر چند روز میں غور کیا جائے گا۔ برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر کے بارے میں بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ان کیلئے سیاسی طور پر بچ نکلنا مشکل ہوگا اور انہیں امیگریشن اور توانائی بحران پر قابو پانا ہوگا، جبکہ گفتگو کے دوران انہوں نے نیویارک ٹائمز کی بعض رپورٹس پر بھی سخت تنقید کی۔