تازہ ترین ۸ ستمبر ۲۰۲۶

دبئی میں مکانات کی قیمتوں میں ساڑھے پانچ سال بعد سالانہ کمی ریکارڈ

کوئٹہ (ویب نیوز) دبئی میں رہائشی مکانات کی قیمتوں میں ساڑھے پانچ سال بعد پہلی مرتبہ سالانہ بنیادوں پر کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ پراپرٹی کنسلٹنسی کیونڈش میکسویل کے مطابق اگست 2026 میں دبئی میں رہائشی جائیداد کی اوسط قیمت 1636 درہم فی مربع فٹ رہی، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 1.7 فیصد کم ہے، جبکہ گزشتہ تین ماہ کے دوران قیمتوں میں 1.3 فیصد کمی ہوئی۔ اگست میں رہائشی جائیدادوں کے لین دین کی مالیت 23.4 ارب درہم رہی اور تقریباً 10 ہزار 900 مکانات کی خرید و فروخت ہوئی۔ رپورٹ کے مطابق تقریباً 75 فیصد لین دین آف پلان جائیدادوں کا رہا۔ ماہرین کے مطابق دبئی کی پراپرٹی مارکیٹ طویل عرصے کی غیر معمولی تیزی کے بعد اب نسبتاً متوازن مرحلے میں داخل ہو رہی ہے، جبکہ علاقائی غیر یقینی صورتحال اور خریداروں کی سرگرمی میں کمی مستقبل قریب میں مارکیٹ پر اثرانداز ہوسکتی ہے۔