کوئٹہ (ویب نیوز) ریلوے ٹریک کی خستہ حالی کے باعث ٹرینوں کے پٹڑی سے اترنے کے واقعات میں اضافہ ہوگیا ہے، گزشتہ ماہ درجن سے زائد حادثات رپورٹ ہوئے جس سے ریلوے آپریشن اور ٹرینوں کے شیڈول متاثر ہوئے۔ کراچی، کوئٹہ اور دیگر شہروں سے آنے والی متعدد ٹرینیں گھنٹوں تاخیر کا شکار ہیں، جبکہ مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ کراچی سے لاہور آنے والی علامہ اقبال ایکسپریس 6 گھنٹے 40 منٹ، پاک بزنس ایکسپریس 6 گھنٹے 30 منٹ، تیزگام 3 گھنٹے 30 منٹ، عوام ایکسپریس 2 گھنٹے 20 منٹ، خیبر میل 2 گھنٹے 15 منٹ اور گرین لائن ایکسپریس ایک گھنٹہ 40 منٹ تاخیر کا شکار ہے۔ ذرائع کے مطابق ٹریک کی خراب حالت نے ریلوے کے محفوظ سفر سے متعلق دعوؤں پر بھی سوالات اٹھا دیے ہیں۔
