کوئٹہ (ویب نیوز) صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا ہے کہ بعض بلوچستانی سیاستدان اقتدار میں کچھ اور جبکہ اقتدار سے باہر مختلف مؤقف اختیار کرتے ہیں۔ انہوں نے سردار اختر مینگل اور محمود خان اچکزئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کا اختلاف اس بات پر ہے کہ بلوچ اور پشتونوں کو شعور دینے کے بجائے انہیں ایک دوسرے سے الگ کرنے یا ان میں دراڑ ڈالنے کی کوشش کی جائے۔ ضیا لانگو نے کہا کہ پشتون قومی جرگے کا مقصد پشتونوں کے سیاسی و سماجی مسائل اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کام کرنا ہے تو یہ اچھی بات ہے، تاہم بلوچ اور پشتونوں کو تقسیم کرنے یا ان کے درمیان اختلاف پیدا کرنے والا کوئی بھی شخص ہو، وہ اس کی مخالفت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا خاتمہ موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور سیاسی مفادات کے لیے اس معاملے پر مؤقف تبدیل نہیں ہونا چاہیے۔
