کوئٹہ(ویب نیوز)صوبائی وزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو نے کہا ہے کہ بعض سیاستدان اقتدار میں ایک اور اقتدار سے باہر دوسرا مؤقف اختیار کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سردار اختر مینگل جب وزیراعلیٰ بلوچستان تھے تو نواز شریف کو اپنی گاڑی میں چاغی لے گئے جہاں ایٹمی دھماکے ہوئے، تاہم اقتدار سے دوری کے بعد وہ ایٹمی دھماکوں کے خلاف تقاریر کرتے ہیں۔ ضیا لانگو نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف کارروائی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، جبکہ سیاسی مفادات کے لیے مؤقف تبدیل کرنا درست نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پشتون قومی جرگہ اگر پشتونوں کے سیاسی و سماجی مسائل اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کام کرتا ہے تو یہ مثبت اقدام ہے، تاہم بلوچ اور پشتونوں کو تقسیم کرنے یا ان کے درمیان دراڑ ڈالنے کی بات کرنے والوں کے وہ سب سے بڑے مخالف ہوں گے۔ انہوں نے اسلام آباد ورکشاپ میں بلوچستان کی سیاسی قیادت کو عزت دینے اور وزیراعظم و فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی جانب سے سوالات کے جوابات دینے کو مثبت عمل قرار دیا۔
