گوادر(ویب نیوز)پروجیکٹ ڈائریکٹر ریلوے یارڈ گوادر جہانزیب خان نے ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی معین الرحمن خان سے ملاقات کی جس میں گوادر ریلوے یارڈ کے قیام اور گوادر کو قومی ریلوے نیٹ ورک سے منسلک کرنے کے مجوزہ منصوبے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں زمین، روٹ، انفراسٹرکچر اور دیگر تکنیکی و انتظامی امور کا جائزہ لیا گیا۔ حکام کے مطابق ریلوے رابطے سے گوادر پورٹ سے تجارتی سامان، معدنی وسائل اور کارگو کی اندرون ملک ترسیل بہتر ہونے کے ساتھ بلوچستان کے مختلف علاقوں کو قومی تجارتی نظام سے جوڑنے میں مدد ملے گی۔ پاکستان ریلوے گوادر سے نوکنڈی تک تقریباً 675 کلومیٹر نئے ریلوے لنک کے لیے فزیبلٹی اسٹڈی اور ٹرانزیکشن ایڈوائزری سروسز کے عمل پر بھی کام کر رہا ہے۔
