تازہ ترین ۳ ستمبر ۲۰۲۶

حب میں ایکسائز کی بڑی کارروائی، 74 ارب روپے مالیت کی منشیات اسمگلنگ ناکام

حب (ویب نیوز) ایکسائز اینڈ اینٹی نارکوٹکس بلوچستان ساؤتھ زون نے گڈانی میں کارروائی کرتے ہوئے عالمی مارکیٹ میں تقریباً 74 ارب 19 کروڑ روپے مالیت کی ایک ہزار 13 کلو گرام خالص آئس برآمد کرکے بیرون ملک منشیات اسمگل کرنے کی بڑی کوشش ناکام بنا دی۔ ڈی جی ایکسائز ساؤتھ زون محمد زمان نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ برآمد ہونے والی منشیات بیرون ملک منتقل کی جانی تھی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو سال کے دوران ساحلی پٹی سے مجموعی طور پر ایک ہزار 638 کلو گرام آئس، 620 کلو گرام چرس اور 27 ہزار 543 بوتلیں غیر ملکی شراب برآمد کرکے منشیات مافیا کو 133 ارب 56 کروڑ روپے کا مالی نقصان پہنچایا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوان نسل کے تحفظ کے لیے منشیات کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔