کوئٹہ (ویب نیوز): ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے کویت، بحرین، اردن اور عراق میں موجود امریکی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ پاسدارانِ انقلاب کے مطابق اردن میں کیمپ تیتن کے مقام پر امریکی بحریہ کے اڈے کو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں متعدد امریکی فوجیوں کی ہلاکت اور کئی امریکی ہیلی کاپٹروں کی تباہی کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ ایرانی فورسز نے کہا ہے کہ اردن کے پرنس حسن ایئر بیس پر موجود امریکی ڈرونز کو بھی نشانہ بنایا گیا، جبکہ حملے میں امریکی پائلٹوں اور تکنیکی عملے کی ہلاکت کا دعویٰ بھی کیا گیا ہے۔ دوسری جانب ایران نے بحرین میں ایک امریکی فوجی اڈے پر ڈرون حملے کا دعویٰ کیا، تاہم بحرینی حکام کے مطابق ایرانی ڈرونز کو فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا۔ اردن کے مطابق اس کی فضائی حدود میں داخل ہونے والے 13 بیلسٹک میزائلوں میں سے 10 کو فضا میں مار گرایا گیا جبکہ باقی 3 میزائل آبادی سے دور علاقوں میں گرے۔ ادھر امریکی حکام نے اردن میں ایرانی حملوں کے نتیجے میں کسی بھی امریکی شہری یا فوجی کے جانی نقصان کی تردید کی ہے۔
