تازہ ترین ۲ ستمبر ۲۰۲۶

ایران کا امارات، بحرین اور اردن میں امریکی اڈوں پر تازہ حملوں کا دعویٰ

کوئٹہ (ویب نیوز): ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ تازہ حملوں میں ڈرونز اور بیلسٹک میزائلوں کے ذریعے متحدہ عرب امارات، بحرین اور اردن میں امریکی فوجی اڈوں اور تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی فوج نے درجنوں ڈرونز کے ذریعے متحدہ عرب امارات میں الظفرہ اور المنہاد اڈوں کے ریڈار نظام اور امریکی فوجیوں کی رہائش گاہوں کو نشانہ بنایا، جبکہ بحرین میں شیخ عیسیٰ اڈے کی ریڈار تنصیبات اور امریکی فوجی اہلکاروں کے مقامات کو بھی ڈرون حملوں کا نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ ایرانی فوج کے مطابق یہ کارروائیاں ایران کی سرزمین پر امریکا کے حالیہ حملوں کے جواب میں کی گئیں۔ دوسری جانب پاسدارانِ انقلاب کے شعبہ تعلقات عامہ کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اس کے فضائی و خلائی دستوں نے بیلسٹک میزائلوں سے اردن کے پرنس حسن ایئر بیس پر امریکی ’آر کیو-4‘ اور ’ایم کیو-9‘ ڈرونز کے ہینگرز کو نشانہ بنایا، جہاں متعدد ڈرونز کی تباہی اور بعض پائلٹوں و تکنیکی اہلکاروں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ تاہم امریکی حکام نے تاحال ایرانی دعووں پر کوئی باضابطہ ردعمل ظاہر نہیں کیا۔