کوئٹہ (ویب نیوز): افغانستان کے سرحدوں، اقوام اور قبائل کے امور کے وزیر ملا نور اللہ نوری نے کہا ہے کہ افغانوں کے درمیان کسی قسم کا اختلاف نہیں اور ماضی میں جو اختلافات موجود تھے وہ تمام بیرونی خفیہ اداروں اور قابض قوتوں کی جانب سے پیدا کیے گئے تھے۔ شمالی اور شمال مشرقی صوبوں کے بعض مذہبی علما اور قبائلی عمائدین سے ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ افغان عوام نے ماضی میں بھی نظام کی حکمرانی کے لیے قربانیاں دی ہیں اور آئندہ بھی اس کے لیے تیار ہیں۔ ان کے مطابق افغانستان کے تمام قبائل اور قومیں ایک ملت ہیں اور انہیں مخالفین سے کسی قسم کی تشویش نہیں، کیونکہ افغانستان میں مخالفت کے لیے کوئی ماحول یا گنجائش موجود نہیں، جبکہ مخالفت کی افواہیں پھیلانے والے عناصر بیرونی منصوبوں کے لیے کام کر رہے ہیں۔ نوری نے عوام کے درمیان اتحاد، ہم آہنگی اور بھائی چارے کے فروغ میں علما اور قبائلی عمائدین کے کردار کو اہم قرار دیا۔ دوسری جانب قبائلی عمائدین نے اپنے خطاب میں اسلامی امارت کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔
