تازہ ترین ۱ ستمبر ۲۰۲۶

محمد رضوان اور امام الحق کے انتخاب پر سلیکشن کمیٹی سے جواب طلب

اسلام آباد (ویب نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ نے محمد رضوان اور امام الحق کو انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے دوروں کے لیے ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کرنے پر چار رکنی سلیکشن کمیٹی کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے 24 گھنٹوں میں تحریری وضاحت طلب کرلی ہے۔ ذرائع کے مطابق نوٹس میں دونوں کھلاڑیوں کے انتخاب کے معیار، وجوہات اور کارکردگی سے متعلق سوالات اٹھائے گئے ہیں، جبکہ انگلینڈ کے خلاف سیریز میں دونوں کی مایوس کن کارکردگی بھی معاملے کی وجہ بنی۔ پی سی بی نے تیسرے ٹیسٹ سے قبل قومی اسکواڈ اور کوچنگ اسٹاف میں بڑی تبدیلیاں کرتے ہوئے سات کھلاڑیوں کو ریلیز کیا، جن میں محمد رضوان اور امام الحق بھی شامل ہیں۔ ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ سرفراز احمد اور بولنگ کوچ عمر گل کو بھی عہدوں سے فارغ کردیا گیا ہے، جبکہ سلیکشن کمیٹی کے رکن اور سابق کپتان مصباح الحق نے بھی استعفیٰ دے دیا ہے۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تیسرا اور آخری ٹیسٹ 9 ستمبر سے ایجبسٹن برمنگھم میں کھیلا جائے گا۔