کوئٹہ (روزنامہ صداقت انٹرنیشنل) وزیراعظم شہباز شریف نے ازبکستان کے صدر شوکت مرزیایوف سے ملاقات میں 2029ء تک پاکستان اور ازبکستان کے درمیان دوطرفہ تجارت کا حجم 2 ارب امریکی ڈالر تک بڑھانے کے مشترکہ ہدف کا اعادہ کیا ہے۔ بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان مملکت کے اجلاس کے موقع پر ہونے والی ملاقات میں تجارت، علاقائی رابطوں اور اقتصادی تعاون سے متعلق فیصلوں پر بروقت عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ وزیراعظم نے کاروباری روابط اور مشترکہ منصوبوں کے فروغ کو اہم قرار دیتے ہوئے علاقائی رابطوں کو دونوں ممالک کی مشترکہ اسٹریٹجک ترجیح قرار دیا۔ انہوں نے ازبکستان، افغانستان اور پاکستان ریلوے منصوبے کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ ازبکستان کو پاکستانی بندرگاہوں تک رسائی فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے، جبکہ توسیع شدہ ترجیحی تجارتی معاہدے پر مؤثر عملدرآمد بھی تجارت کے فروغ میں مددگار ہوگا۔
