کوئٹہ (روزنامہ صداقت انٹرنیشنل) ایران اور امریکا کے درمیان براہ راست فوجی حملوں کا سلسلہ ایک بار پھر شروع ہوگیا، امریکی فورسز نے آبنائے ہرمز میں ایران کے لارک جزیرے پر پاسداران انقلاب کے دو میزائل لانچرز کو نشانہ بنایا، جبکہ ایران نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے اردن میں امریکا کی ملک حسین اور الازرق فوجی اڈوں پر بیلسٹک میزائل داغے۔ امریکی حکام کے مطابق ایرانی فورسز آبنائے ہرمز کی جانب سمندری بارودی سرنگوں سے لیس راکٹ داغنے کی تیاری کر رہی تھیں، جس کے باعث میزائل لانچرز کو نشانہ بنایا گیا۔ ایران نے دعویٰ کیا کہ امریکی حملے میں متعدد فوجی اہلکار اور شہری جاں بحق و زخمی ہوئے۔ اردن نے کہا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے فضائی حدود میں داخل ہونے والے 8 میزائلوں کو روک لیا، جبکہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق امریکی فوجی اڈوں پر ہونے والے ایرانی حملوں میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ دونوں ممالک کے درمیان جولائی کے آخر کے بعد یہ براہ راست فوجی کارروائیوں کی نئی لہر ہے۔
