کوئٹہ (ویب نیوز) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے استنبول میں ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان سے ملاقات کی، جس میں سیاسی، اقتصادی، سیکیورٹی اور ثقافتی شعبوں میں پاکستان اور ترکیہ کے دوطرفہ تعلقات کے مسلسل استحکام اور وسعت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے اعلیٰ سطحی اسٹریٹجک تعاون کونسل کے فریم ورک کے تحت پیش رفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کونسل کا آئندہ اجلاس جلد منعقد کرنے پر اتفاق کیا۔ ملاقات میں علاقائی اور بین الاقوامی اہمیت کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ علاقائی امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے اعلیٰ حکام اسٹریٹجک کمیٹی اجلاس میں بھی شرکت کریں گے، جس میں پاکستان کی نمائندگی نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کریں گے۔
