کوئٹہ (ویب نیوز) بلوچستان میڈیا فورم کے صدر قیوم بلوچ، سیکرٹری جنرل اللہ داد رند اور دیگر عہدیداروں نے کہا ہے کہ بلوچستان کے مقامی اخبارات اور ورکنگ جرنلسٹس شدید معاشی و پیشہ ورانہ بحران کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کاغذ، پرنٹنگ، بجلی اور دیگر اخراجات میں اضافے کے باوجود مقامی اخبارات کو سرکاری اشتہارات میں مناسب حصہ نہیں دیا جا رہا، جبکہ دور دراز علاقوں کے نامہ نگاران بھی کم معاوضوں اور بنیادی سہولیات کی کمی کے باعث مشکلات سے دوچار ہیں۔ فورم نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مقامی اخبارات کو ترجیحی بنیادوں پر سرکاری اشتہارات دیے جائیں، اشتہارات کی تقسیم شفاف بنائی جائے اور صحافیوں کے لیے رجسٹریشن، مالی معاونت، ہیلتھ انشورنس اور تحفظ کا مؤثر نظام بنایا جائے۔
