تازہ ترین ۲۹ اگست ۲۰۲۶

ورلڈکپ ہاکی: جنوبی افریقا کو شکست، پاکستان نے 11ویں پوزیشن حاصل کرلی

ایمسٹلوین،)ویب نیوز)چار مرتبہ کی عالمی چیمپئن پاکستان ہاکی ٹیم نے جنوبی افریقا کو پنالٹی شوٹ آؤٹ میں 3-4 سے شکست دے کر ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈکپ میں 11ویں پوزیشن حاصل کرلی۔ ایمسٹلوین میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقا نے ابتدائی برتری حاصل کرتے ہوئے پہلے دو کوارٹرز میں 2-0 کی برتری بنائی، تاہم پاکستان نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے افراز اور محمد حماد کے گول سے مقابلہ 2-2 سے برابر کردیا۔ تیسرے کوارٹر کے آغاز میں کپتان رانا وحید نے گول کرکے پاکستان کو برتری دلائی، بعد ازاں جنوبی افریقا نے مقابلہ برابر کردیا اور اختتامی لمحات میں دوبارہ برتری حاصل کرلی، تاہم میچ کے آخری سیکنڈز میں حماد الدین نے گول کرکے مقابلہ 4-4 سے برابر کردیا۔ فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا جہاں پاکستان نے 3-4 سے کامیابی حاصل کرکے عالمی کپ میں اپنا سفر 11ویں پوزیشن پر مکمل کیا۔ پاکستان نے ورلڈکپ میں مجموعی طور پر 6 میچز کھیلے، 2 جیتے، 3 میں شکست ہوئی جبکہ ایک میچ برابر رہا۔