کوئٹہ( ویب نیوز )بلوچستان میڈیا فورم کا اہم اجلاس صدر قیوم بلوچ کی زیرصدارت واٹس ایپ لنک کے ذریعے منعقد ہوا، جس میں سبی، بختیار آباد، بھاگ، مچھ بولان، صحبت پور، ڈیرہ مراد جمالی اور بلوچستان کے دیگر علاقوں سے فورم کے مرکزی و ڈویژنل عہدیداران، اراکین سینٹرل کمیٹی اور صحافیوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں سیکرٹری جنرل اللہ داد رند، سینئر نائب صدر اللہ یار ڈومکی، نائب صدور ندیم بابر مغل، رمضان بھٹو، سلطان کرد اور فرید اللہ شیخ، ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد علی ہزارہ، ایڈیشنل سیکرٹریز حافظ امداد حسین اور محمد اسلم، سیکرٹری اطلاعات اصغر بلوچ، سیکرٹری آفس پیر جان بلوچ، سیکرٹری فنانس احمر ندیم، اراکین سینٹرل کمیٹی، ڈویژنل صدر سبی گووندا راہیجہ، ڈویژنل صدر گوادر صداقت بلوچ، ڈویژنل صدر کوئٹہ عامر بنگلزئی سمیت دیگر عہدیداران ھوئے۔ اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ 28 اگست بروز جمعہ یومِ شہدا صحافت کے موقع پر بلوچستان بھر میں یومِ سیاہ منایا جائے گا اور شہدا صحافت کے ایصالِ ثواب کیلئے قرآن خوانی کا اہتمام کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں بلوچستان میڈیا فورم کے تمام عہدیداران، ممبران اور دیگر صحافی بازوں پر سوگ کی علامت کے طور پر سیاہ پٹیاں باندھیں گے۔ اجلاس میں بلوچستان بھر کے پریس کلبز کی انتظامیہ اور عہدیداران سے بھی اپیل کی گئی کہ 28 اگست کو شہدا صحافت سے اظہارِ یکجہتی اور ان کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے پریس کلبز پر سیاہ پرچم لہرائے جائیں اور شہدا صحافت کیلئے خصوصی دعاں اور قرآن خوانی کا اہتمام کیا جائے۔اس موقع پر صدر بلوچستان میڈیا فورم قیوم بلوچ نے کہا کہ صحافت کے شعبے سے وابستہ شہدا نے حق اور سچ کی آواز بلند کرتے ہوئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے، ان کی قربانیاں پوری صحافتی برادری کیلئے مشعلِ راہ ہیں۔ شہدا صحافت کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا اور ان کے اہلخانہ کے دکھ اور قربانی کا احساس پوری صحافتی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد، ذمہ دار اور بے خوف صحافت جمہوری معاشرے کی بنیادی ضرورت ہے، صحافیوں نے ہمیشہ عوام کے مسائل، ظلم و ناانصافی اور معاشرتی برائیوں کو اجاگر کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کیا ہے۔ قیوم بلوچ نے کہا کہ بلوچستان میڈیا فورم شہدا صحافت کے مشن کو آگے بڑھانے، صحافیوں کے حقوق کے تحفظ، آزادی اظہار اور آزادی صحافت کے دفاع کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گا۔ انہوں نے بلوچستان بھر کے صحافیوں، پریس کلبز اور صحافتی تنظیموں سے اپیل کی کہ 28 اگست کو یومِ شہدا صحافت کے موقع پر بھرپور یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیاہ پٹیاں باندھیں، پریس کلبز پر سیاہ پرچم لہرائیں اور شہدا کے ایصالِ ثواب کیلئے قرآن خوانی کا اہتمام کریں۔
