اسلام آباد (ویب نیوز) امریکا کی جانب سے ایران کے خلاف نئی اور سخت ترین اقتصادی پابندیوں کے اعلان کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے، امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسینٹ نے کہا ہے کہ ایران سے تعاون کرنے والے ممالک اور کمپنیوں کو بھی پابندیوں کا سامنا کرنا ہوگا، جبکہ ایران نے امریکی معاشی دباؤ کو مسترد کرتے ہوئے آبنائے ہرمز بند کرنے اور مخالف ممالک کے خلاف جوابی کارروائی کا انتباہ دیا ہے، ایرانی پارلیمنٹ نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں پر فیس عائد کرنے کی منظوری بھی دی ہے، دوسری جانب چین نے تمام فریقوں سے تحمل اور سمجھ داری سے کام لینے پر زور دیا ہے جبکہ عمانی وزیر خارجہ کی ایران آمد کو جاری کشیدگی کم کرنے اور آبنائے ہرمز سے متعلق مشاورت کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔
