راولپندی (ویب نیوز) شام کے وزیر خارجہ اسعد حسن الشیبانی کا 19 سال بعد پاکستان کا اہم اور پہلا دورہ مکمل ہوگیا۔ شامی خبر رساں ادارے سریا عرب نیوز ایجنسی کے مطابق دورے کے دوران دمشق اور اسلام آباد کے درمیان سیاسی، سکیورٹی اور اقتصادی تعاون مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ الشیبانی اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ اسلام آباد پہنچے، جہاں انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور دیگر اعلیٰ حکام سے اہم ملاقاتیں کیں۔ پاکستان نے شام کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور مقبوضہ گولان کے معاملے پر شام کے مؤقف کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے ادلب کے ابو الظہور ہوائی اڈے پر اسرائیلی حملوں کو بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار دے کر مذمت کی۔ الشیبانی نے ’’مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے‘‘ پر دستخط کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان کے علاقائی کردار کو سراہا۔ دونوں ممالک کے درمیان عوامی و تجارتی روابط بڑھانے کے لیے براہِ راست پروازوں کی بحالی، دمشق یا اسلام آباد میں سرمایہ کاری فورم کے انعقاد اور امریکا ایران کشیدگی کم کرنے میں پاکستان کے کردار پر بھی بات چیت ہوئی۔ شامی مشیر محمد الجفال کے مطابق یہ دورہ ایسے اہم اور حساس وقت میں ہوا ہے جب دونوں ممالک کے تعلقات مزید تعاون کی جانب بڑھ رہے ہیں، جبکہ دمشق نے ریاض، انقرہ اور اسلام آباد کے ساتھ اپنے تعلقات کو علاقائی استحکام کے لیے خصوصی اہمیت کا حامل قرار دیا۔
