تہران (ویب ڈیسک) آبنائے ہرمز کے قریب امریکی فضائیہ کا جدید ای تھری بی سینٹری طیارہ ہنگامی سگنل جاری کرنے کے بعد ریڈار سے غائب ہوگیا، تاہم طیارے کو مار گرائے جانے یا تباہ ہونے کی کوئی سرکاری تصدیق سامنے نہیں آئی۔ فلائٹ ٹریکنگ ڈیٹا کے مطابق طیارے کی آخری موجودگی آبنائے ہرمز کے قریب 19 ہزار فٹ سے زائد بلندی پر ریکارڈ ہوئی، جبکہ ہنگامی کوڈ 7700 جاری کرنے کے بعد طیارے نے تیزی سے بلندی کم کی اور خلیج عمان و آبنائے ہرمز سے دور جزیرہ نما عرب کے اندرونی فضائی راستے کی جانب رخ کرلیا۔ اس دوران قطر میں امریکی فضائی اڈے سے فضائی ایندھن فراہم کرنے والے طیاروں کی بھی اس کی مدد کے لیے پرواز کی اطلاعات سامنے آئیں۔ سوشل میڈیا پر طیارے کو ایران کی جانب سے مار گرائے جانے کے دعوے کیے گئے تاہم امریکی سینٹرل کمانڈ نے اس کی تصدیق نہیں کی، جبکہ دفاعی ماہرین نے بھی ان دعوؤں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہنگامی کوڈ 7700 انجن میں خرابی، آگ لگنے یا طبی ہنگامی صورتحال کی نشاندہی کرسکتا ہے اور فوجی طیارے سکیورٹی وجوہات کی بنا پر اپنا ٹرانسپونڈر بند کرکے سویلین ریڈار سے غائب بھی ہوسکتے ہیں۔
