تازہ ترین ۲۲ اگست ۲۰۲۶

خطے میں نئے سیکیورٹی انتظامات کے پیغامات ملے ہیں، ایران

تہران (ویب نیوز) ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف نے کہا ہے کہ ایران کو پڑوسی ممالک کی جانب سے خطے میں نئے سیکیورٹی انتظامات سے متعلق متعدد پیغامات موصول ہوئے ہیں۔ ان کے مطابق ان پیغامات میں علاقائی معاشی تعاون کے نئے ڈھانچے کی تشکیل پر بھی بات کی گئی ہے۔ باقر قالیباف نے کہا کہ امریکی دباؤ اور اقدامات نے اس کے اتحادی ممالک کی سلامتی کو بھی خطرے میں ڈال دیا ہے اور امریکا نے صرف اسرائیل کے مفادات کی خاطر اپنے اتحادیوں کے مفادات کو نظرانداز کیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی اقدامات کے باعث اتحادی ممالک اپنی بقا کے حوالے سے خود کو خطرے میں محسوس کرنے لگے ہیں۔ ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر کا کہنا تھا کہ خطے میں آزاد ممالک کی جانب سے اپنی مرضی سے تشکیل دیا گیا علاقائی نظام ہی حقیقی معنوں میں پائیدار امن کی ضمانت بن سکتا ہے۔