تازہ ترین ۲۲ اگست ۲۰۲۶

کوئی ملک تیسرے ملک سے قانونی تجارت نہیں روک سکتا، ایران

تہران (ویب نیوز) ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے امریکی پابندیوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی ملک غیر ملکی اداروں کو کسی تیسرے ملک سے قانونی تجارت ترک کرنے پر مجبور نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کی نئی پابندیاں صرف ایران کے خلاف جاری معاشی جنگ تک محدود نہیں بلکہ اقوام متحدہ کے ہر خودمختار رکن ملک پر علاقائی حدود سے ماورا اپنی خودمختاری مسلط کرنے کی کوشش ہیں۔ اسماعیل بقائی کے مطابق کسی خودمختار ملک پر اس کی جائز پالیسیوں میں تبدیلی کے لیے معاشی دباؤ ڈالنا بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ثانوی پابندیوں کی بین الاقوامی قانون میں کوئی قانونی بنیاد نہیں اور یہ اقوام متحدہ کے منشور کی خلاف ورزی ہیں۔ دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی قیادت پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ایران میں کوئی بھی صدر نہیں بننا چاہتا، جو ان کے لیے مسئلہ ہے۔ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایران کے پاس اب بحریہ، فضائیہ، ریڈار، فنی آلات اور دفاعی سازوسامان کی تیاری کی صلاحیت نہیں رہی۔