ایمسٹلوین (ویب نیوز) بھارت نے روایتی حریف پاکستان کو 3 کے مقابلے میں 5 گول سے شکست دے کر ایف آئی ایچ مینز ہاکی ورلڈ کپ 2026 کے دوسرے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا، جبکہ پاکستانی ٹیم پول مرحلے میں ہی ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہوگئی۔ ویگنر ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے گروپ ڈی کے اہم میچ میں بھارت کی جانب سے ہرمن پریت سنگھ اور ابھیشیک نے دو، دو جبکہ ہاردک سنگھ نے ایک گول کیا، پاکستان کے حنان شاہد نے دو اور سفیان خان نے ایک گول اسکور کیا۔ پاکستان نے بھارت کے خلاف بھرپور مزاحمت کی تاہم کامیابی حاصل نہ کرسکا۔ شکست کے بعد پاکستان نے گروپ ڈی میں تین میچ کھیلے، جن میں دو میں شکست اور ایک میچ ڈرا رہا۔ قومی ٹیم کو پہلے میچ میں انگلینڈ نے 4-1 سے شکست دی جبکہ ویلز کے خلاف میچ 3-3 گول سے برابر رہا تھا۔ دوسری جانب انگلینڈ نے ویلز کو 8-2 سے شکست دے کر گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ بھارت دوسرے مرحلے میں پہنچ گیا۔ پاکستان نے آٹھ سال بعد عالمی کپ میں واپسی کی تھی تاہم ایونٹ میں ایک بھی میچ جیتنے میں کامیاب نہ ہوسکا۔
