تازہ ترین ۱۸ اگست ۲۰۲۶

برطانوی اخبار نے پاکستان کو دنیا کے منفرد سیاحتی مقامات کی فہرست میں شامل کرلیا

کوئٹہ (ویب نیوز) برطانوی اخبار نے پاکستان کو دنیا کے ان منفرد سیاحتی مقامات کی فہرست میں شامل کرلیا ہے جہاں برف پوش پہاڑ، خوبصورت وادیاں، قدیم تہذیب اور مہم جوئی کے مواقع سیاحوں کو اپنی جانب متوجہ کرتے ہیں۔ برطانوی اخبار ’’دی ٹیلی گراف‘‘ میں شائع ہونے والے خصوصی سفری مضمون میں معروف ٹریول رائٹرز بینیڈکٹ ایلن اور سارہ مارشل نے پاکستان کے دلفریب سیاحتی مقامات کو نمایاں کیا ہے۔ مضمون میں شمالی پاکستان کے قراقرم کے بلند و بالا برف پوش پہاڑوں، وادی ہنزہ، بلند گلیشیئرز، جنگلی پھولوں سے بھرے میدانوں اور شاہراہِ قراقرم کا خصوصی ذکر کیا گیا ہے۔ اخبار نے شاہراہِ قراقرم کو انجینئرنگ کا شاندار کارنامہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کو چین سے ملاتی ہے اور قراقرم، ہمالیہ اور ہندوکش کے پہاڑی سلسلوں سے گزرتی ہے۔ مضمون میں پاکستان کے تاریخی اور ثقافتی ورثے، قدیم شاہراہِ ریشم، لاہور کی بادشاہی مسجد اور وادی سندھ کی ہزاروں سال قدیم تہذیب کو بھی اجاگر کیا گیا ہے جبکہ دور دراز علاقوں کے لوگوں کی سادگی، گرمجوشی اور مہمان نوازی کو سراہا گیا ہے۔ پاکستان کے علاوہ ترکمانستان، گیبون، انگولا، تیمور لیستے، نکاراگوا، گیانا، آرمینیا اور جمہوریہ کانگو سمیت دیگر مقامات کو بھی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ ’’دی ٹیلی گراف‘‘ نے 2024 میں بھی پاکستان کو اپنی سیاحتی فیچر رپورٹ میں شامل کیا تھا۔