تازہ ترین ۱۴ اگست ۲۰۲۶

ایران کا معاملہ امریکا کو زیادہ مضبوط پوزیشن میں لا کر ختم ہوگا، جے ڈی وینس

واشنگٹن (ویب نیوز) امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ ایران کا معاملہ امریکا کو زیادہ مضبوط پوزیشن میں لا کر ختم ہوگا اور ایران کے پاس جوہری ہتھیار نہیں ہوگا۔ امریکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں جے ڈی وینس نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ چاہتے ہیں کہ جنگ کا نتیجہ امریکی عوام کے مفاد میں ہو جبکہ آبنائے ہرمز میں صورتحال دوبارہ معمول پر آئے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کا پہلا ہدف عالمی معیشت کے لیے تیل اور گیس کی ترسیل برقرار رکھنا ہے جبکہ دوسرا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ ایران کبھی جوہری ہتھیار حاصل نہ کرسکے، اور انہیں یقین ہے کہ امریکا دونوں مقاصد حاصل کررہا ہے۔ امریکی نائب صدر نے کہا کہ ایرانی بعض اوقات ایسے وعدے کرتے ہیں جنہیں وہ پورا نہیں کرتے، وہ معاہدے کرتے ہیں اور پھر ان کی پاسداری نہیں کرتے۔ ان کے مطابق امریکا کے پاس سفارتی، فوجی اور معاشی سمیت متعدد ذرائع موجود ہیں اور ان ذرائع کو سوچ سمجھ کر اور حکمت عملی کے ساتھ استعمال کیا جارہا ہے۔