تازہ ترین ۱۴ اگست ۲۰۲۶

ایران کا ہرمزگان میں امریکی ایم کیو 9 ڈرون مار گرانے کا دعویٰ

تہران (ویب نیوز) ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ جنوبی صوبے ہرمزگان کی فضائی حدود میں امریکی ساختہ ایم کیو 9 ڈرون کو جدید فضائی دفاعی نظام کے ذریعے نشانہ بنا کر تباہ کردیا گیا۔ ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق پاسدارانِ انقلاب کی ایرو اسپیس فورس نے جمعے کے روز ہرمزگان کی فضائی حدود میں ایک مبینہ دشمن ایم کیو 9 ڈرون کو نشانہ بنایا۔ پاسدارانِ انقلاب کے مطابق ڈرون کو ایک جدید فضائی دفاعی نظام کے ذریعے روکا گیا، جو ایران کے مربوط فضائی دفاعی نیٹ ورک کے تحت کام کرتا ہے۔ ایرانی حکام نے واقعے کے مقام، کارروائی کے وقت اور ڈرون کی تباہی سے متعلق مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔ ایران اس سے قبل بھی امریکی ایم کیو 9 ڈرونز مار گرانے کے دعوے کرچکا ہے، تاہم ان دعوؤں پر امریکی حکام کی جانب سے فوری طور پر کوئی تصدیق یا تبصرہ سامنے نہیں آیا۔