کوئٹہ (ویب نیوز) ہرات میں 3 کروڑ امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری سے ادویات تیار کرنے والی ایک جدید فیکٹری کا افتتاح کردیا گیا جبکہ فیکٹری کے دوسرے مرحلے پر بھی کام شروع کردیا گیا ہے۔ افغان وزارت صحت کے مطابق فیکٹری کے افتتاحی تقریب میں وزیر صحت مولوی نورجلال جلالی، محکمہ خوراک و ادویات کے حکام، سرکاری اداروں کے نمائندوں، عالمی اداروں، نجی شعبے، ڈاکٹروں، تاجروں اور صنعتکاروں نے شرکت کی۔ حکام کے مطابق فیکٹری میں تقریباً 300 اقسام کی ادویات تیار کرنے کی صلاحیت ہوگی، جس کا مقصد ملکی پیداوار کو فروغ دینا، معیاری ادویات کی فراہمی اور درآمدات پر انحصار کم کرنا ہے۔ فیکٹری کے دوسرے مرحلے پر مزید ڈیڑھ کروڑ ڈالر سرمایہ کاری کی گئی ہے، جس کے تحت انجکشن کی ادویات تیار کی جائیں گی اور سالانہ 3 کروڑ ایمپولز اور 2 کروڑ 50 لاکھ وائلز تیار کرنے کی صلاحیت حاصل ہوگی۔ افغان حکام نے فیکٹری کے قیام کو خود کفالت، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور ملکی اقتصادی ترقی کی جانب اہم قدم قرار دیا ہے۔
