تہران (ویب نیوز) ایرانی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی نے کہا ہے کہ ایران پاکستان کی حکومت، فوج اور عوام کو اسلامی دنیا کا عظیم اثاثہ سمجھتا ہے، دونوں ممالک کو مسلم دنیا میں اتحاد و یکجہتی کے فروغ کے لیے مشترکہ کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے وزیر داخلہ سید محسن نقوی سے ملاقات کے دوران پاک ایران تعلقات کو اسٹریٹجک شراکت داری قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کئی گنا بڑھانے کی ضرورت ہے۔ محسن رضائی نے علاقائی معاملات میں پاکستان کے وزیراعظم اور آرمی چیف کے بڑھتے ہوئے کردار کا خیرمقدم کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران، پاکستان، ترکیہ، سعودی عرب، مصر اور انڈونیشیا جیسے بڑے مسلم ممالک پر اسلامی اتحاد کے لیے اہم ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ دوسری جانب مشہد میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بھی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کی اور دوطرفہ و علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا۔
