تازہ ترین ۱۲ اگست ۲۰۲۶

یونیسکو کا اسلامی امارت سے لڑکیوں کی تعلیم پر عائد پابندیاں ختم کرنے کا مطالبہ

کابل (ویب نیوز) یونیسکو نے افغانستان میں لڑکیوں کی تعلیم پر عائد پابندیاں ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان دنیا کا واحد ملک ہے جہاں خواتین اور لڑکیوں کو ثانوی اور اعلیٰ تعلیم تک رسائی حاصل نہیں۔ یونیسکو کے مطابق موجودہ پابندیوں سے گزشتہ دو دہائیوں میں تعلیم کے شعبے میں حاصل ہونے والی کامیابیاں متاثر ہوئی ہیں اور اس صورتحال کے باعث انسانی صلاحیتوں کے ضیاع، غربت میں اضافے اور دیگر سنگین نقصانات کا خدشہ ہے۔ ادارے نے خواتین اور لڑکیوں کو تعلیم سے محروم رکھے جانے کو ان کے بنیادی تعلیمی حق کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ تعلیم اور روزگار پر پابندیاں خواتین کی اپنے خاندانوں کی مدد اور ملکی معیشت میں کردار ادا کرنے کی صلاحیت محدود کر رہی ہیں۔ یونیسکو کے مطابق تعلیمی پابندیوں کے خواتین اور لڑکیوں کی ذہنی و جسمانی صحت پر بھی منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں جبکہ کم عمری کی شادیوں کا خطرہ بڑھ رہا ہے۔ ادارے نے افغانستان کی حکومت سے مطالبہ کیا کہ خواتین اور لڑکیوں کا تعلیم کا حق فوری اور بلاشرط بحال کیا جائے۔ اسلامی امارت نے اس حوالے سے تاحال کوئی نیا بیان جاری نہیں کیا، تاہم ماضی میں اس کا کہنا رہا ہے کہ مناسب حالات کی فراہمی کے بعد سب کے لیے تعلیم کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔