کوئٹہ (ویب نیوز) کولمبیا کے مغربی علاقوں میں 7.4 شدت کے شدید زلزلے نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، مختلف شہروں میں عمارتیں منہدم ہونے اور ملبے تلے افراد کے دبنے کے نتیجے میں کم از کم 111 افراد ہلاک جبکہ 87 زخمی ہوگئے۔ امریکی جیولوجیکل سروے اور کولمبیا کے جیولوجیکل ادارے کے مطابق زلزلے کا مرکز بحرالکاہل کے ساحلی صوبے چوکومیں سان خوسے ڈیل پالمر کے قریب 107 کلومیٹر گہرائی میں تھا۔ سب سے زیادہ ہلاکتیں مغربی صوبے ریسارالدا میں ہوئیں جہاں 42 افراد جاں بحق ہوئے، جبکہ پیریرا میں 18 اور مانیزالس میں 3 افراد ہلاک ہوئے۔ کیلی میں 20 سے زائد عمارتیں منہدم ہونے کی اطلاعات ہیں اور متعدد افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں، تاہم ریسکیو ٹیموں نے بعض افراد کو زندہ نکال لیا۔ بوناوینتورا میں بھی عمارت گرنے سے ایک شخص ہلاک ہوا۔ زلزلے کے باعث بوگوٹا سمیت مختلف علاقوں میں عمارتیں خالی کرائی گئیں جبکہ بجلی اور موبائل فون سروس بھی متاثر ہوئی۔ حکام کے مطابق زلزلے کے بعد سونامی کا خطرہ نہیں، امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور مزید ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں روانہ کی جا رہی ہیں۔
