تازہ ترین ۱۰ اگست ۲۰۲۶

سبزی پر مبنی غذا ایک ماہ میں جینز کے کام کرنے کا انداز بدل سکتی ہے، تحقیق

کوئٹہ (ویب نیوز) ایک نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ اگرچہ انسانی ڈی این اے کے بنیادی کوڈ میں تبدیلی ممکن نہیں، تاہم صرف چار ہفتوں تک سبزی پر مبنی غذا استعمال کرنے سے ڈی این اے سے منسلک کیمیائی علامات میں تبدیلیاں پیدا ہوسکتی ہیں، جو جینز کے کام کرنے کے انداز کو متاثر کرتی ہیں۔ محققین کے مطابق 48 صحت مند بالغ افراد کو ایک ہفتے تک یکساں غذا دینے کے بعد دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا، جن میں سے ایک گروپ نے ایک ماہ تک سبزی پر مبنی جبکہ دوسرے نے گوشت سے بھرپور غذا استعمال کی، دونوں غذاؤں میں کیلوریز تقریباً برابر رکھی گئیں۔ تحقیق کے دوران آٹھ لاکھ سے زائد ڈی این اے میتھائلیشن مقامات کا جائزہ لیا گیا، جس سے معلوم ہوا کہ سبزی پر مبنی غذا استعمال کرنے والے افراد میں سوزش میں کمی، مدافعتی نظام میں بہتری اور چربی و شوگر کے میٹابولزم پر مثبت اثرات دیکھے گئے، جبکہ بعض تبدیلیاں حیاتیاتی عمر بڑھنے کے عمل میں سست روی سے بھی منسلک تھیں۔ سائنس دانوں کے مطابق خوراک صرف وزن اور نظامِ ہاضمہ کو متاثر نہیں کرتی بلکہ جسم میں جینز کے کام کرنے کے طریقے پر بھی اثر انداز ہوسکتی ہے، تاہم تحقیق صرف 48 افراد اور چار ہفتوں تک محدود رہی، اس لیے یہ حتمی طور پر نہیں کہا جاسکتا کہ سبزی پر مبنی غذا لازماً عمر بڑھاتی یا بیماریوں سے محفوظ رکھتی ہے، مزید بڑی اور طویل مدتی تحقیقات کی ضرورت ہے۔