تازہ ترین ۹ اگست ۲۰۲۶

پاکستان نے وہ سفارتی کردار ادا کیا جو بڑی طاقتیں بھی ادا نہ کرسکیں، ساؤتھ ایشین وائسز

کوئٹہ (ویب نیوز)جنوبی ایشیا کی سیکیورٹی، سیاسی اور اقتصادی صورتحال پر نظر رکھنے والے پالیسی پلیٹ فارم ساؤتھ ایشین وائسز نے اپنے تجزیے میں کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور دونوں ممالک کو مذاکرات کی میز پر لانے میں پاکستان نے اہم سفارتی کردار ادا کیا۔ تجزیے کے مطابق پاکستان نے ایسے وقت میں امریکا اور ایران کے درمیان رابطہ قائم کیا جب دونوں فریق شدید کشیدگی اور باہمی نقصان کے مرحلے میں پہنچ چکے تھے، اور اسلام آباد میں امریکی و ایرانی نمائندوں کے درمیان 20 گھنٹے سے زائد جاری رہنے والے مذاکرات 1979 کے بعد دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ ترین سطح کا براہ راست رابطہ قرار دیے گئے۔ ساؤتھ ایشین وائسز کے مطابق پاکستان نے ایک عالمی طاقت اور اہم علاقائی طاقت کو مذاکرات پر آمادہ کرکے ایسا سفارتی کردار ادا کیا جو چین، فرانس، جرمنی، بھارت اور برطانیہ جیسی بڑی طاقتیں بھی ادا نہ کرسکیں۔ تجزیے میں کہا گیا کہ اگرچہ امریکا اور ایران نے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے الزامات عائد کیے، تاہم دونوں نے مذاکراتی عمل مکمل طور پر ختم نہیں کیا، اس لیے ثالثی کو ناکامی کا ذمہ دار قرار دینا درست نہیں۔