تازہ ترین ۹ اگست ۲۰۲۶

عمان مذاکرات کا مقصد آبنائے ہرمز کی مکمل بحالی نہیں، عارضی بحری راستوں کا قیام ہے: عباس عراقچی

کوئٹہ (ویب نیوز)ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ عمان کے ساتھ جاری مذاکرات کا مقصد آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر دوبارہ کھولنا نہیں بلکہ فی الحال محدود آمدورفت کے لیے عارضی بحری راستے قائم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی مسلح افواج کی جانب سے فراہم کردہ نقشوں کی بنیاد پر عارضی راستوں کا تعین آخری مراحل میں ہے اور جلد اس حوالے سے نتائج سامنے آنے کی توقع ہے، تاہم ان اقدامات کو آبنائے ہرمز کی مکمل بحالی قرار نہیں دیا جاسکتا۔ عباس عراقچی کے مطابق آبنائے ہرمز کی مکمل بحالی امریکا کی جانب سے مبینہ معاہدہ خلاف ورزیوں کے ازالے سمیت ایران کی دیگر شرائط پوری ہونے سے مشروط ہے۔ دوسری جانب پاسداران انقلاب کے ترجمان جنرل حسین محبی نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کا فیصلہ ایران اور عمان کے مذاکرات سے الگ ہے اور اس کے لیے ایران کا اپنا قانونی و دفاعی طریقہ کار موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کو ایران کی طے شدہ شرائط تسلیم کرنا ہوں گی اور علاقائی مذاکرات میں مداخلت سے گریز کرنا ہوگا، جس کے بعد آبنائے ہرمز کھولنے کے لیے ضروری حالات پیدا ہوسکتے ہیں۔