کوئٹہ (ویب نیوز)امریکی حکام کی جانب سے جاری کی گئی نئی دستاویزات میں مشرقِ وسطیٰ کے ایک گنجان آباد علاقے کے اوپر تیزی سے حرکت کرتی ہوئی پراسرار گول نما شے کی مختصر ویڈیو بھی شامل ہے، جس کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی اور واقعے کو غیر حل شدہ قرار دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق ماہرین نے دستیاب ویڈیو اور دیگر معلومات کا جائزہ لیا، تاہم یہ تعین نہیں ہوسکا کہ مذکورہ شے ڈرون، غبارہ، طیارہ یا کسی دوسرے معلوم فضائی ذریعے سے متعلق تھی۔ امریکی حکام نے واضح کیا کہ کسی واقعے کو غیر حل شدہ قرار دینے کا مطلب اسے خلائی مخلوق یا غیر زمینی سرگرمی کا ثبوت سمجھنا نہیں، بلکہ اس کا مطلب یہ ہے کہ حتمی شناخت کے لیے مطلوبہ معلومات دستیاب نہیں تھیں۔ حکام کے مطابق حالیہ دنوں میں نامعلوم فضائی مظاہر سے متعلق درجنوں واقعات کی تفصیلات بھی جاری کی گئی ہیں اور مزید ریکارڈ آنے والے دنوں میں منظر عام پر لائے جاسکتے ہیں۔
