مقامی ۷ اگست ۲۰۲۶

شہدائے اگست کی قربانیاں تاریخ کا انمول سرمایہ ہیں، مابت کاکا

چمن (ویب نیوز) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری مابت کاکا نے کہا ہے کہ شہدائے اگست کی عظیم قربانیاں تاریخ کا انمول سرمایہ ہیں جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہدائے سپین تنگی بنوں، بابڑہ، سائنس کالج، چمن، سول اسپتال، مانگی ڈیم، شہید ملک عبیداللہ کاسی، شہید نور اللہ دومڑ، شہید خالق داد بابڑ سمیت دیگر شہداء نے بنیادی انسانی حقوق، عوامی وسائل پر اختیار، حقیقی جمہوریت، آئین کی بالادستی، امن کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے۔ مابت کاکا نے کہا کہ اے این پی کے کارکنوں اور رہنماؤں نے ہمیشہ آمریت، جبر اور ناانصافی کے خلاف آواز بلند کی اور شہداء کی قربانیاں پارٹی کی جدوجہد کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ شہدائے اگست کی یاد میں آج باچاخان مرکز چمن کے سامنے ٹرنچ روڈ پر عظیم الشان اجتماع منعقد کیا جائے گا جس سے مرکزی و صوبائی قیادت خطاب کرے گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اجتماع میں بھرپور شرکت کرکے شہداء کو خراج عقیدت پیش کریں اور امن، قومی یکجہتی، آئین کی بالادستی اور عوامی حقوق کے حصول کی جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کریں۔