لندن/اسلام آباد (ویب نیوز) اسلام آباد کے نواحی گاؤں ملوٹ کی معروف سماجی شخصیت شبیر عباسی کی صاحبزادی عائشہ عباسی نے برطانیہ کے تاریخی قانونی ادارے دی آنریبل سوسائٹی آف لنکنز اِن سے کامیابی کے ساتھ “کال ٹو دی بار” مکمل کرکے بیرسٹر بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔لنکنز اِن کی جانب سے منعقدہ ایک پروقار تقریب میں عائشہ عباسی کو باضابطہ طور پر “کال ٹو دی بار” کا سرٹیفکیٹ دیا گیا، جس کے بعد وہ بطور بیرسٹر قانونی پیشے سے وابستہ ہونے اور عدالتوں میں پیش ہونے کی اہل ہو گئی ہیں۔ برطانیہ کے قانونی نظام میں “کال ٹو دی بار” کو ایک اہم پیشہ ورانہ سنگِ میل سمجھا جاتا ہے۔اس موقع پر شبیر عباسی نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے صاحبزادے سعد عباسی نے بھی حال ہی میں برطانیہ کی یونیورسٹی آف بیڈفورڈ شائر سے ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے ان کے دونوں بچے شعبۂ قانون میں نمایاں کامیابیاں حاصل کر رہے ہیں۔شبیر عباسی کے مطابق عائشہ عباسی کی یہ کامیابی نوجوان نسل، بالخصوص طالبات کے لیے ایک قابلِ تقلید مثال ہے اور یہ ان کے خاندان، آبائی علاقے اور پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان کے بچے اپنی تعلیم اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو آئین کی بالادستی، مظلوموں کو انصاف کی فراہمی اور عوامی خدمت کے لیے بروئے کار لائیں گے۔واضح رہے کہ بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے بھی اسی تاریخی ادارے لنکنز اِن سے قانونی تعلیم حاصل کی تھی اور 1895ء میں بار ایٹ لا مکمل کیا تھا۔ لنکنز اِن دنیا کے ممتاز قانونی اداروں میں شمار ہوتا ہے، جہاں سے فارغ التحصیل ہونے والے متعدد قانون دان عالمی سطح پر نمایاں خدمات انجام دے چکے ہیں۔
