تازہ ترین ۵ اگست ۲۰۲۶

عبداللہ شفیق نے 49 سال بعد ویسٹ انڈیز میں نیا ریکارڈ قائم کر دیا

کوئٹہ (ویب نیوز) پاکستان کے اوپنر عبداللہ شفیق نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں شاندار ناقابلِ شکست 160 رنز کی اننگز کھیل کر 49 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا اور 1977 کے بعد ویسٹ انڈیز میں ٹیسٹ میچ کے دوران 150 سے زائد رنز بنانے والے پہلے پاکستانی بیٹر بن گئے۔ کوئنز پارک اوول میں جاری آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز عبداللہ شفیق نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 160 رنز کی یادگار اننگز کھیلی۔ وہ ویسٹ انڈیز میں ٹیسٹ کرکٹ کے دوران 150 سے زائد رنز بنانے والے پاکستان کے پانچویں بیٹر بن گئے ہیں۔ اس سے قبل یہ اعزاز آخری مرتبہ 1977 میں ماجد خان نے گیانا میں 167 رنز کی اننگز کھیل کر حاصل کیا تھا۔ عبداللہ شفیق نے اپنی شاندار اننگز کے دوران 15 چوکے اور 3 چھکے بھی لگائے۔