کوئٹہ (ویب نیوز): اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران میں رواں سال 19 مارچ سے اب تک قومی سلامتی سے متعلق مقدمات میں کم از کم 56 افراد کو سزائے موت دی جا چکی ہے۔ ادارے کے مطابق ان میں سے 27 افراد کو سال کے آغاز میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں سے متعلق الزامات کے تحت پھانسی دی گئی۔ اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق وولکر ترک نے کہا کہ مارچ کے بعد ایران میں سزائے موت اور پھانسیوں کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ انہوں نے ایرانی حکام پر زور دیا کہ تمام پھانسیوں پر فوری طور پر عملدرآمد روکا جائے اور سزائے موت کے مکمل خاتمے کی جانب عملی پیش رفت کی جائے۔
