کوئٹہ / چمن (سید سردار محمد خوندئی) بلوچستان بھر کی طرح مختلف اضلاع میں یومِ شہدائے پولیس انتہائی عقیدت و احترام سے منایا گیا۔
کوئٹہ میں یومِ شہدائے پولیس کی مرکزی تقریب منعقد ہوئی جس میں آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔
اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی بلوچستان محمد طاہر نے کہا کہ ہم شہداء کے مقروض ہیں، یہ ہمارے ہیروز، قوم کی بقاء و سلامتی کی علامت اور ماتھے کا جھومر ہیں۔ ہم ان تمام شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے صوبے میں امن کے قیام کی خاطر اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے۔ ہمیں اپنے شہداء پر فخر ہے جنہوں نے ہمارے سکون کی خاطر لازوال قربانیاں دی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہادت ایک عظیم رتبہ ہے اور شہداء کے خاندان ہمارے دلوں کے قریب ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ ہم سب کی مشترکہ جنگ ہے، جس کا ہم نے مل کر مقابلہ کرنا ہے۔ ہم پورے اتحاد و اتفاق سے تمام چیلنجز کا مقابلہ کریں گے۔ شہداء ہمارا فخر ہیں اور ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
دریں اثنا چمن پولیس تھانے میں بھی یومِ شہدائے پولیس کے سلسلے میں تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پر کمانڈنٹ چمن سکاؤٹس بریگیڈیئر ضرار نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی اور پھول چڑھائے۔ اس موقع پر ڈی ایس پی چمن اشفاق احمد سمیت دیگر پولیس افسران بھی موجود تھے۔
