اسلام آباد (ویب نیوز): وزیراعظم شہباز شریف نے موجودہ حکومت کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے تمام وفاقی وزارتوں اور ڈویژنز سے فروری 2024 سے اب تک کی کارکردگی، اقدامات اور اہداف سے متعلق تفصیلی رپورٹس طلب کر لی ہیں۔ وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق وزارتوں کو عوامی خدمات میں بہتری، گورننس اصلاحات، مکمل اور زیر التوا منصوبوں، ان کی تکمیل، تاخیر کی وجوہات، انتظامی اصلاحات، اخراجات میں بچت اور نظام کی بہتری سے متعلق تفصیلات فراہم کرنا ہوں گی۔ وزارتوں کو تمام دعووں کے ساتھ دستاویزی ثبوت یا قابلِ تصدیق شواہد بھی جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ جائزے میں ترقیاتی فنڈز کے استعمال، سی پیک اتھارٹی، پلاننگ کمیشن، سالانہ ترقیاتی پروگرام، معاشی پالیسیوں، مردم شماری، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اور وزیراعظم کے خصوصی اقدامات کی پیش رفت کا بھی تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔
