ہنگو (ویب نیوز): خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک نجی بینک پر حملہ کرکے بینک منیجر وسیم آفریدی اور کیشیئر علاؤالدین کو اغوا کر لیا۔ حملہ آور بینک کے سی سی ٹی وی کیمرے اور کمپیوٹرز توڑنے کے بعد مغویوں کو اپنے ساتھ لے گئے۔ ذرائع کے مطابق واقعہ تھانہ ٹل کی حدود میں دلن کے علاقے میں پیش آیا اور حملہ آور مغویوں کو چھپری ویزران کی جانب لے گئے۔ اطلاع ملنے پر پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق مغویوں کی بحفاظت بازیابی اور حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ واقعے کی وجوہات اور ملزمان کی شناخت سے متعلق تحقیقات بھی کی جا رہی ہیں۔
