پاکستان ۳ اگست ۲۰۲۶

نئے صوبے صرف بیان سے نہیں بن سکتے، آئینی طریقہ کار اور قومی اتفاقِ رائے ضروری ہے، رانا ثناء اللہ

اسلام آباد (ویب نیوز): وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ صرف بات کرنے سے نئے صوبے نہیں بن سکتے بلکہ اس کے لیے آئینی طریقہ کار، قومی اتفاقِ رائے اور نیشنل کمیشن کا قیام ضروری ہے۔ جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نئے انتظامی یونٹس کے قیام کے لیے فنڈز، قومی و صوبائی اسمبلی اور سینیٹ میں نمائندگی سمیت مختلف امور پر تفصیلی مشاورت کرنا ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ چھوٹے صوبوں اور مضبوط بلدیاتی نظام دونوں پر پارلیمنٹ میں بحث ہونی چاہیے اور حتمی فیصلہ سیاسی قیادت کرے گی۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ محسن نقوی کا بیان ان کی ذاتی رائے ہو سکتی ہے، تاہم ان کی گفتگو واضح نہیں تھی اور وہ خود بھی سمجھ نہیں سکے کہ وہ اصل میں کیا کہنا چاہتے تھے۔