پورٹ آف اسپین (ویب نیوز) پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دوسرے اور آخری میچ کا آغاز ہوگیا ہے، جہاں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پہلے روز بارش کے باعث کھیل متاثر ہوا اور ابتدائی سیشن میں صرف 9.5 اوورز کا کھیل ممکن ہوسکا، جس میں ویسٹ انڈیز نے ایک وکٹ کے نقصان پر 49 رنز بنائے۔ بعد ازاں ویسٹ انڈیز نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز اسکور کرلیے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے برینڈن کنگ 46، عامر جانگو 26، ٹیگنرائن چندرپال 15 اور کیویم ہوج 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان ٹیم میں دوسرے ٹیسٹ کے لیے چار تبدیلیاں کی گئی ہیں، شان مسعود انجری کے باعث ٹیم کا حصہ نہیں جبکہ محمد عباس، خرم شہزاد اور عامر جمال کو بھی شامل نہیں کیا گیا۔ ان کی جگہ اویس ظفر، نوجوان فاسٹ بولر عبید شاہ، ساجد خان اور عبداللہ شفیق کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا ہے۔ دو میچوں کی سیریز میں ویسٹ انڈیز کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔
