تازہ ترین ۳۱ جولائی ۲۰۲۶

فیفا نے ارجنٹینا کے خلاف تادیبی کارروائی شروع کر دی، کھلاڑیوں اور فیڈریشن کو پابندیوں کا سامنا

زیورخ (ویب نیوز): فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے ورلڈ کپ 2026 کے دوران پیش آنے والے ناخوشگوار واقعات پر ارجنٹینا کے خلاف تادیبی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ارجنٹینا کی ٹیم کو ورلڈ کپ فائنل میں ہسپانوی کھلاڑیوں سے جھگڑے، سیمی فائنل میں انگلینڈ کے خلاف کامیابی کے بعد میدان میں فاک لینڈ جزائر سے متعلق سیاسی بینر دکھانے اور دیگر مبینہ خلاف ورزیوں پر کارروائی کا سامنا ہے۔ رپورٹس کے مطابق شائقین کی جانب سے امتیازی نعروں، میچ کے آغاز میں تاخیر، سیکیورٹی پروٹوکول کی خلاف ورزی اور بعض میچوں میں اشیاء پھینکے جانے کے واقعات بھی تحقیقات کا حصہ ہیں۔ فیفا کی جانب سے ارجنٹینا کے کھلاڑی لینڈرو پریڈس کو تین، ناہوئل مولینا کو دو جبکہ اسسٹنٹ کوچ رابرٹو آیالا کو ایک تادیبی کیس کا سامنا ہے، جبکہ تھیاگو الماڈا کے خلاف بھی نامناسب رویے پر کارروائی کی جا رہی ہے۔ فیفا ڈسپلنری کمیٹی نے تمام متعلقہ فریقین کو اپنا موقف پیش کرنے کا موقع دیا ہے، جس کے بعد حتمی فیصلہ جاری کیا جائے گا۔